پاکستان سے امریکہ کیلئے پہلی براہ راست پرواز 7 مئی کو اڑان بھرے گی
پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز نے امریکہ میں محصور ہونے والے پاکستانیوں کو واپس لانے کی تیاریاں شروع کر دیں، پاکستان سے امریکہ کیلئے پہلی براہ راست پرواز 7 مئی کو اسلام آباد سے روانہ ہو گی۔
امریکہ کی طرف سے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو براہ راست پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے دو طیارے اس آپریشن میں استعمال ہوں گے جس کے لئے قواعد و ضوابط بھی طے کر لئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق 7 مئی کو پی آئی اے کا بوئنگ 777 بغیر مسافروں کے امریکہ روانہ ہو گا اور وہاں سے 300 سے زائد پاکستانیوں کو واپس لے کر پہنچے گا۔
یاد رہے کہ 30 اپریل کو قومی ایئر لائن پی آئی اے کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔
سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے پچھلے ہفتے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی باضابطہ درخواست دی تھی جس کی امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے منظوری دیدی ہے۔
بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کو سفر کی خصوصی اجازت
دوسری جانب بھارتی وزارت داخلہ نے وہاں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ پہنچنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باوجود اندرون ملک سفر کی خصوصی اجازت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کیلئے پلان مرتب
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن ہے، عوام کے لیے بین الاضلاعی و ریاستی سفر پر بھی پابندی ہے تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے وہاں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ بارڈر تک پہنچنے کے لیے سفر کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ تمام پاکستانی بھارت کے مختلف شہروں سے الگ الگ گاڑیوں میں واہگہ بارڈر پہنچیں گے 5 مئی کو (کل) پاکستان میں داخل ہوں گے۔