لوئر دیر میں بھی ایک مریض جاں بحق، ہلاکتوں کی تعداد 7 ہو گئی
نوشہرہ کے بعد لوئر دیر میں بھی کرونا سے ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا جس کے بعد ضلع میں وائرس سے مرنے والے کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ مزید 17 کیسز سامنے آنے پر متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 95 ہو گئی۔
ڈپٹی ڈی ایچ او فوکل پرسن ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں لوئر دیر میں کرونا کے مزید 17 کیسز رپورٹ ہوئے ہے جن میں 4 مریض مالاکنڈ پائین کے کنفرم مریض کے، 3 مریض جان محمد منڈہ کے، ایک مریض بلامبٹ کے کنفرم مریض جبکہ دو افراد تیمرگرہ کے کنفرم کیس کے قریبی رشتہ دار ہیں اور 5 مریض تیمرگرہ ہسپتال کے طبی عملہ کے اہلکار ہیں۔
اسی طرح ایک مریض ترئی یونین کونسل خونگی سے تعلق رکھنے والے طبی عملہ کا اہلکار جبکہ ایک متوفی کا تعلق لاجبوک سے تھا۔
ضلع میں مشتبہہ مریضوں کی کل تعداد 686 ہے، ابھی تک 95 مریض کنفرم ہو چکے ہیں جن میں 28 افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ ابھی تک 7 افراد وفات پا چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نوشہرہ میں کورونا وائرس کی ایک مریضہ جاں بحق ہوئی تھی۔
دوسری جانب مردان میں مزید 11 گیارہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کروناوائرس کی تشخیص کے لئے 32 افراد سے ٹیسٹ کے نمونے حاصل کئے گئے۔
ضلعی کروناوائرس کنٹرول روم کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں لیبارٹری بھیجے گئے ٹیسٹوں میں سے 11 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 186 ہو گئی جبکہ 9 افرادکے ٹیسٹ کے نتیجے منفی آگئے جس کے ساتھ منفی ٹیسٹوں کی تعداد 608 ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:
چترال، لوئر دیر، چارسدہ اور نوشہرہ میں کورونا کیسز میں اضافہ
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 32 افراد سے کروناوائرس کی تشخیص کی غرض سے ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جس کے ساتھ 227 افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ لیبارٹری سے ابھی آنا باقی ہیں۔
کروناوائرس سے متاثرہ افراد کے لئے قائم آئسولیشن وارڈز میں 64 افراد جبکہ قرنطینہ سنٹر میں 5 افراد زیرعلاج ہیں اور ایک شخص کو صحت یاب پاکر گھر بھیج دیا گیا اور دو افراد کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ مردان میں کرونا وائرس سے اب تک 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔