مردان، زیرتعمیر مسجد کا لینٹر گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے
مردان کی تحصیل تخت بھائی میں تعمیراتی کام کے دوران مسجد کا لینٹر گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق واقعہ تخت بھائی کے مضافاتی علاقے جیوڑ بابا کلے میں پیش آیا جس کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 نے ملبے سے 2 بھائیوں سمت 5 مزدوروں کو ملبے تلے سے نکال لیا اور انہیں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تخت بھائی پہنچادیا جہاں عثمان خان اور زیدالرحمان کو نازک صورتحال کے پیش نظر ایم ایم سی مردان منتقل کردیا گیا۔
زخمیوں میں یونس خان، اس کے بھائی عثمان خان، رضوان خان، دلارم خان اور زیدورالرحمان شامل ہیں جن کی عمریں 16 تا 25 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو چارسدہ میں مسجد کی دیوار گرنے سے ایک نمازی جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب قبائلی ضلع خیبر میں ملاگوری کے علاقے شاگئی تھانہ میں گذشتہ روز سے لاپتہ چھ سالہ بچے کی لاش مل گئی ہے۔
نمئنادہ ٹی این این کے مطابق اسفندیار ولد کے رہائشی ممریز خان کی لاش آج ورسک گریوٹی نہر سے بمقام امبار پل میاں مورچہ ملاگوری سے ملی۔
بچے کی تلاش آپریشن میں ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں نے حصہ لیا۔ اہل علاقہ کے مطابق ملاگوری میں نہر پر حفاظتی جنگلہ نہ ہونے کے باعث آئے روز اس طرح کے ناخوشگوار واقعات رونما ہو رہے ہیں جس کی ذمہ داری محکمہ آبپاشی کے نااہل اہلکاروں پر عائد ہوتی ہے۔