مردان، دیرینہ دشمنی پر ہیڈکانسٹیبل نماز جمعہ کے دوران قتل
مردان میں سابقہ دشمنی پر ملزمان نے مسجد کے اندر حملہ آور ہو کر پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو قتل کردیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
تھانہ شہباز گڑھی میں رپورٹ درج کراتے ہوئے ذیشان خان ولد سردار محمد سکنہ باروخیل شہباز گڑھی نے بتایا کہ ان کا چچا محمد باسط ولد محمود، جو کہ پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل تھا اور ٹریننگ سنٹر ہنگو میں انسٹرکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، چھٹی پر گھر آئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق محمد باسط مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے موجود تھے جب ملزمان فرزند علی، عاشق حسین اور اظہار اللہ ساکنان مدی خیل نے مسجد کے اندر دوران نماز فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔
ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، وجہ عناد سابقہ دشمنی بتائی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔
دوسری جانب مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے متہ گیر میں فائرنگ کے نتیجے میں ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے نعشیں کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کر دیں، جاں بحق ہونے والوں میں 20 سالہ طارق اور 45 سالہ زوجہ مختیار شامل ہیں۔