ضلع اورکزئی کے نوجوان طالبعلم نے کرونا ٹیسٹ کِٹ تیار کر لی
ضلع اورکزئی کے نوجوان طالبعلم عرفان حسین نے کرونا ٹیسٹ کی "کٹ” تیار کرلی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق عرفان حسین کا تعلق ضلع اورکزئی لوئر تخصیل کلایہ گاؤں درہ مانی خیل، احمد خیل سے ہے اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم ہیں۔
نوجوان طالبعلم کے مطابق اس کٹ کی مدد سے روزانہ 20 ہزار ٹیسٹ کئے جا سکیں گے، فی ٹیسٹ 200 روپے سے بھی کم خرچہ آئے گا، کٹ کی تمام تر تفصیلات قومی ادارہ صحت کو فراہم کر دی ہیں، امید ہے کہ جلد از جلد اس کٹ کو آفیشل حیثیت مل جائے گی۔
متعلقہ خبریں:
کیا پاکستانی سائنسدانوں نے کورونا وائرس کا علاج ڈھونڈ لیا؟
پاکستانی سائنسدان نے پانچ منٹ میں کورونا کا ٹیسٹ کرنے والی ڈیوائس بنا ڈالی
واضح رہے کہ "ضلع اورکزئی” ان بد نصیب علاقوں میں سے ایک ہے جہاں ابھی تک انگریز زمانے کے کالے قوانین نافذ ہیں، فاٹا انضمام کے بعد اگرچہ اس کو بھی کاغذی طور پر خیبر پختونخواہ کا حصہ قرار دیا گیا لیکن عملی طور وہی انگریز زمانے کے کالے قوانین رائج ہیں، علاقہ انضمام سے پہلے جن سہولیات اور حقوق سے محروم تھا، انضمام کے بعد بھی ان سہولیات و حقوق سے محروم ہے۔
اس خوش آئند پیشرفت پر اہل علاقہ نے فخر و خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اورکزئی میں بھی ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، کمی ہے تو عدم توجہی کی ہے، حکومت کو چاہئے کہ وہ نئے اضلاع میں تعلیم خصوصاً سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دے۔