صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث منڈران کلاں کے مکین بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے
ممانڑہ آفریدی
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے منڈران کلاں کے عوام پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، سماجی حلقوں کی جانب سے متعدد بار نشاندہی کرنے کے باوجود منتخب نمائندے اور انتظامیہ اس مسئلے کی جانب توجہ دینے سے گریزاں ہیں۔
منڈران کلاں کے مکین صاف پانی کی عدم دستیابی اور مالی تنگدستی کے باعث مضرصحت پانی پینے پر مجبور ہیں، مذکورہ گاوں کے رہائشی 23 سالہ نجیب نے ٹی این این کو بتایا کہ وہ گردے کے مریض ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں فلٹر اور صاف پانی پینے کا مشورہ دیا۔ ابتدائی طور پر تو انہوں نے دوست سے ادھار رقم لیکر اپنے گھر فلٹر لگوایا لیکن بعد میں بجلی کا بل ذیادہ آنے کے باعث اسے بند کرادیا اور اب وہ دیگر لوگوں کی طرح عام پانی پی رہے ہیں جو ڈاکٹروں کے مطابق ان کے لئے مضر صحت ہے۔
واٹر ٹیسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ، منڈارن کلاں کے پانی میں فاسفورس کی سطح بہت زیادہ ہے جو متخلف امراض کا سبب بنتا ہے۔ مقامی استاد منور نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے متعدد بار انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو اس مسلے کی نشاندہی کرائی لیکن کوئی مثبت پیش رفت نہں ہوسکی۔
سماجی تنظیم سرو آرگنائزیشن کی رکن روبینہ قمر نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کی تنظیم نے بھی اس حوالے سے حکام سے متعدد ملاقاتیں کرکے انہیں اس مسلے سے آگاہ کیا ہے لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، ان کا کہنا تھا کہ پانی زندگی کا بنیادی عنصر ہے لہذا انتظامیہ اس علاقے کے مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے فلٹریشن پلانٹس نصب کرے تاکہ یہ لوگ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
رابطہ کرنے پر اس حلقے سے منتخب ہونے والے ایم پی اے اور ڈی سی نے بتایا کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث فلٹریشن پلانٹس نصب نہیں کئے جاسکے۔