ملاکنڈ میں کورونا سے تیسری ہلاکت، دبئی سے آنے والے 68 مسافروں میں وائرس کی تصدیق
ضلع ملاکنڈ میں کورونا سے متاثرہ ایک اور شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد پورے ضلعے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق سخاکوٹ میں 57 سالہ شخص اسلم خان کشمیری پیر کے روز کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا۔ مرحوم پہلے سے ٹی بی کا مریض بھی تھا، انکا کروناٹسٹ 26 اپریل کو پازیٹیو آیاتھا.
اس سے پہلے دو اور مریض بھی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے تھے جن میں بٹ خیلہ سے تعلق رکھنے والا احمد شاہ اور تھانہ سے تعلق رکھنے والا نوشیروان شامل ہیں۔ احمد شاہ 10 اپریل کو جبکہ نوشیروان 19 اپریل کو جاں بحق ہوا۔ محکمہ صحت کے مطابق ملاکنڈ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 74 ہے۔
دوسری جانب دبئی سے پشاور پہنچنے والے 68 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 25 اپریل کو غیر ملکی ایئر لائن کی 3 پروازوں کے ذریعے 684 مسافر دبئی سے پشاور پہنچے تھے جن میں سے 434 کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تھے۔
جن افراد کے کوروناٹیسٹ کرائے گئے ان میں 12 مسافروں کے ٹیسٹ کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں جب کہ قرنطینہ میں موجود باقی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہزار 300 سے زائد جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 279 تک پہنچ گئی ہے جس میں سے 93 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔