خیبر پختونخوا

پشاور: چچا نے شور مچانے پر7 سالہ بھتیجی کو قتل کردیا

پشاور میں ایک شخص نے شور مچانے پر اپنی بھتیجی کو قتل کردیا، بھتیجی بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ ملزم فضل حیات نے فائرنگ کرکے 7 سالہ بچی کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے ارباب روڈ پر ایک گھر میں چچا نے اپنی معصوم سات سالہ بھتیجی کو شور مچانے پر قتل کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ سات سالہ معصوم ایشال اپنے گھر کے صحن میں دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی، جس سے شور ہورہا تھا۔ اسی گھر کی اوپر والی منزل پر اس بچی کا چچا فضل حیات رہائش پذیر تھا۔اس نے بچوں کے شور سے تنگ آکر بچی پر فائرنگ کردی، جس سے بچی دم توڑ گئی۔ واقعہ کے فوری بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

تہکال پولیس اسٹیشن کے محرر شاداب جاوید کے مطابق ملزم مفرور ہے اور پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر اور پولیس کی ابتدائی تفتیش سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ملزم نے بچوں کے شور مچانے پر فائرنگ کی جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ کے مطابق ملزم کو کسی بھی قسم کا ذہنی مسئلہ نہیں تھا جبکہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ بھائیوں کے درمیان بھی کسی قسم کا تنازع نہیں تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button