قبائلی اضلاع

شمالی وزیرستان، فائرنگ کے تبادلہ میں دو سکیورٹی اہلکار شہید، 9 عسکریت پسند ہلاک

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں تصادم کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ  9 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ‘سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں خیسورہ اور دوسلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘علاقے میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا’۔

جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے’۔

سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں شہادت پانے والے جوانوں میں 29 سالہ لانس نائیک عبدالوحید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفر آباد جبکہ دوسرے سپاہی سکم داد کا تعلق ایبٹ آباد کی چھانگہ گلی سے تھا۔

خیال رہے کہ پچھلے کچھ عرصے میں شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کاروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

21 اپریل کو بھی فورسز پر ایک حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 19 اپریل کو ایک کاروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک کردئے گئے تھے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button