ڈی پی او خیبر اِن ایکشن، کرپشن و سمگلنگ الزامات پر 73 اہلکار برطرف
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر نے ضلع خیبر کے تین پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر ڈاکٹر محمد اقبال نے منشیات فروشوں کے ساتھ راوبط اور منشیات کا دھندا کرنے والوں کو آج ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے نوکری سے برخاست کردیا، برخاست ہونے والے اہلکار حسین اکبر ،محمد طاہر، انوار خان کے نام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سابقہ فورس خیبر پختونخوا پولیس کا حصہ ہے اور ایسے کالی بھیڑوں کی خیبر پولیس میں کوئی گنجائش نہیں رہی، رشوت خوری بدعنوانی اور دیگر جرائم میں ملوث اہلکاروں کو خیبر پولیس سے نکال باہر کیا جائے گا اور خود احتسابی کا عمل خیبر پولیس میں جاری رہے گا۔
قبل ازیں بدعنوانی کے الزام میں ضلع خیبر کے 70 پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی اور انہیں اپنے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
ڈی پی او محمد اقبال کے مطابق کارروائی آئی جی پی خیبرپختونخوا کے احکامات پر پر کی گئی، عہدوں سے برطرف ہونے والوں میں 4 ڈی ایس پیز، ایک ایس ایچ او، متعدد سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع میں پولیس بدعنوانی کے خلاف پہلی بار کارروائی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے آل جرنلسٹ کمیونٹی ڈسٹرکٹ خیبر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکان مراعات یافتہ اور سابق پولیٹیکل سسٹم سے مستفید اور ہفتہ واری بند ہونے سے پولیس کے پہلے بھی خلاف تھے اور اب بھی ہیں، گزشتہ روز خیبر میں 70 پولیس اہلکاروں کو کرپشن چارجز پر لائن حاضر اور ان کے خلاف محکمانہ کاروائی پر ملکان اور ان کے مفادات کو نقصان پہنچا ہے، مذکورہ پولیس اہلکار مالکان کے بھائی، بیٹے، بھانجے اور بھتیجے ہیں، صحافی برادری پولیس کے ساتھ شفاف سسٹم لانے میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔