خیبر پختونخوا

کورونا وائرس: شبقدر اور باجوڑ میں پہلی اموات، ضلع کرم میں مزید دو جاں بحق

ضلع کرم میں مزید دو افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ضلع میں وباء سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد کے مطابق وسطی کرم سے تعلق رکھنے والی ساٹھ سالہ خاتون جو کہ دل اور گردوں کی امراض میں بھی مبتلا تھی پشاور میں انتقال کرگئی جبکہ وسطی کرم ہی سے تعلق رکھنے والے پچاس سالہ عید محمد جو کہ کینسر کا مریض تھا پشاور کے ہسپتال میں انتقال کرگیا ۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق بعد از مرگ جب کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے تو ان کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا جس کے بعد فوت شدہ افراد کے قریبی رشتہ داروں کے ٹیسٹ بھی لیبارٹری بھجوائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کرم میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چھبیس ہوگئی ہے جو ضلع کرم کے مختلف آیسولیشن سنٹرز میں زیر علاج ہیں جبکہ اپر سے تعلق رکھنے والے ایک خاتون سمیت دو افراد کے کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آگئے تھے وہ بیماری سے صحت یاب ہو گئے۔

یاد رہے کہ 8 اپریل کو ڈپٹی کمشنر ضلع کرم شاہ فہد نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ششو میں ستر سالہ خاتون کورونا وائرس سے دو روز قبل انتقال کرگئی تھی، خاتون کے انتقال کے بعد گھر کے متعدد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جن میں انچاس سالہ ابراہیم اور تین خواتین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نوے مکانات پر مشتمل علاقے کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا ہے۔

ادھر باجوڑ سے کرونا وائرس سے پہلی موت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ذ؎

ذرائع کے مطابق تحصیل سالارزئی علاقہ گنگ سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ شخص گزشتہ رات وفات پاگیا تھا جس کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا تھا جو آج مثبت آ گیا ہے۔ باجوڑ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب شبقدر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شبقدر بازار کے رہایشی 75 سالہ حاجی سید گل کا کورونا ٹسٹ 15 مارچ کو مثبت آیا تھا اور پشاور میں زیر علاج تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ متوفی کو آبائی قبرستان میں دفنایا جائے گا، جنازہ و تدفین کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں جس میں مخصوص لوگوں کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک بھر اب تک کورونا سے 181 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، 67 اموات کے ساتھ خیبر پختونخوا سرفہرست جبکہ سندھ 61 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 8648 تک جا پہنچی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button