وزیراعلیٰ محمود خان دیگر سیاستدانوں و جائیداد مالکان پر سبقت لے گئے
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے سوات میں اپنے ابائی علاقے میں کرائے پر دی گئی دوکانوں و دیگر جائیداد کے کرایہ داروں کو کرایہ معاف کرکے دوسرے جائیداد مالکان کے لئے مثال قائم کردی۔ دوسری جانب صوبہ بھر میں 65 نئے کیسز کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 865 ہوگئی۔
مشیراطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 178 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے تین اموات بھی ہوئی ہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی اور معاشرتی تکالیف دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ30اپریل تک بند رہے گی جبکہ اضلاع کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ میں توڑی نرمی کردی ہے جس کے تحت تمام رکشہ، پرائیوٹ گاڑیاں اور مزدورں کو لے جانے والی گاڑیوں پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔
صوبائی کابینہ نے احساس پروگرام کے تحت نقد رقوم کی ادائیگی پرصوبائی حکومت کی جانب سے عائد15 فیصد ٹیکس میں چھوٹ دیدی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس میں پہلے ہی سے چھوٹ دیدی گئی ہے۔
ریت، اینٹس، فائبر گلاس شاپس، بلڈنگ سیفٹی آلات،، اسٹیل، لکڑی، ٹائلز، واٹر سپلائی میٹریل، سیمنٹ پائپ، ہارڈ ویئر کی دکانیں، ڈریلنگ، اور ٹیوب ویلز کے سامان والی دکانیں اور سپلائی پر پاپندی ہٹا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سریہ اور اسٹیل، ٹمبر ڈپو، آرا مشینوں، پائپ و موٹر شاپس، الیکٹریکل دوکان، مائن و منرل پر بھی پابندی نہیں رہے گی۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ ریسٹورینٹس پر 30 اپریل تک پابندی برقرار رکھی گئی ہے تاہم ہوم ڈیلوری اور کھانا ساتھ لے جانے کی سہولت پر سے پابندی ختم کردی گئی ہے۔
سیاحتی مقامات اور عوامی مقامات بھی 30 اپریل تک جبکہ تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تمام نجی، سرکاری تقریبات اور سپورٹس ایونٹس تاحکم ثانی بند رہیں گی۔