قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں میں فوری طور پر 600 سے زائد بھرتیوں کا اعلان
خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے صحت کے شعبے میں 600 سے زائد ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے قبائلی علاقات میں ملازمتوں کا نوٹیفیکشن شئیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ اس وقت کورونا وائرس کی عالمی وبا کے ساتھ برسرپیکار ہے اور صحت کے شعبے کو میڈیکل ورکرز کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیکل سے وابستہ افراد سے اپیل کی ہے کہ ان ملازمتوں کے لئے ضرور درخواستیں جمع کروائیں۔
‘قبائلی اضلاع میں600 سے زائد ملازمتیں، اس سے پہلے محکمہ صحت کو آپ کی اتنی زیادہ ضرورت کبھی نہیں پڑی تھی، درخواستیں جمع کریں’ وزیرصحت نے کہا۔
ان ملازمتوں میں ریڈیالوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، سائیکاٹرسٹ، گائناکالوجسٹ، چلڈرن، ای این ٹی سپیشلسٹس سمیت متعدد پوزیشنز شامل ہیں جن کی تنخواہ 4 لاکھ 50 ہزار تک ہوگی۔
اس کے لئے میڈیکل افیسر اور ویمن میڈیکل افیسر کی تنخواہیں 2 سے 3 لاکھ تک آفر کی گئی ہیں اور ان سب ملازمتوں کے لئے صرف خیبرپختونخوا کے ڈومیسائل ہولڈرز اپلائی کرسکتے ہیں۔ یہ کنٹریکٹ ملازمتیں ایک سال کے لئے ہوگی۔
نوٹیفیکشن کے مطابق بھرتیوں میں فوقیت متعلقہ شعبے میں تجربہ رکھنے والوں کو دی جائے گی۔