کورونا وباء: خیبر پختونخوا کی صحافی برادری کے لیے بڑا اعلان
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صحافی برادری کی عوام کورونا وائرس کی آگاہی فراہم کرنے اور کورونا وباء کی حالت میں جان کی پرواہ کیے بغیر حکومتی مشینری کے شانہ بشانہ خدمات کی انجام دہی کے اعتراف میں کسی بھی جرنلسٹ کی فوتگی کی صورت میں خاندان کو دس لاکھ روپے اور بیماری کی صورت میں تمام تر اخراجات حکومت کی طرف سے ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔
سول سیکرٹریٹ پشاور کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اطلاع سیل میں صحافیوں کو کورونا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں محکمہ صحت کے عملے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کا حفاظتی سامان خریدا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں 275 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 18 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے اسی طرح صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ہائی ڈیفنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں جن میں بھی چار سو اسی افراد کی گنجائش موجود ہے اور صوبے کے ہسپتالوں میں قائم 110 آئسولیشنز میں بھی تین ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوبے بھر میں 583 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بھی بڑھایا جارہا ہے، موجودہ صحت کے عملے کے بیک اپ کے لئے لوکم سکیم متعارف کی گئی ہے جس میں نو ہزار پانچ سو افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے جن میں سپیشلسٹس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاپ شامل ہیں جبکہ ایمرجنسی کے تحت چھ سو اٹھتیس ریگولر اور بارہ سو ننانوے کنٹریکٹ پر بھی ڈاکٹر بھرتی کیے گئے ہیں۔
اجمل خان وزیر نے محکمہ شہری دفاع خیبرپختونخوا کی جانب سے سینئر صحافیوں، پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس میں 1000 بوتل سینی ٹایزر 1000 ماسکس اور سو عدد حفاظتی سامان بھی پریس کلب پشاور اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدور کے حوالے کئے۔
یہ بھی پڑھیں:
پشاور کے ایک ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق
80 جاں بحق: کورونا کے وار، مرغوں کی لڑائی اور والی بال میچز ایک ساتھ جاری
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان حکومت کی خیبر پختونخوا کی کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔
انہوں نے کرونا وباء کی اب تک صورتحال کے حوالے سے کہا کہ صوبے میں اس وقت کل کنفرم کیسز 656 ہیں جبکہ 131 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں 3 مزید مریضوں کی فوتگی کے ساتھ ٹوٹل اموات کی تعداد 25 (اب 26 ہے) ہوگئی ہے جبکہ زیرعلاج 20 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس وبا ء کو کنٹرول کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر پر عمل کریں۔
انہوں نے صحافیوں کو ہدایت کی کہ عوام کو آگاہی فراہم کرنا انکی اولین ذمہ داری ہے اور ہرقسم غلطی سے بچنے کے لیے تمام تر معلومات محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ سے لی جا سکتی ہیں۔
صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے کہا کہ ان کے ہاؤسنگ ہیلتھ کارڈز، ایڈورٹایزمنٹ اور صحافیوں کے دیگر جملہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے محکمہ اطلاعات وت علقات عامہ کے حکام کو یہ مسائل فوراً حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔