شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی،7 عسکریت پسند، 2 جوان جاں بحق
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 7 عسکریت پسند اور 2 جوان جاں بحق ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کی معلومات پر شمالی وزیرستان کے علاقے ذاکرخیل میں آپریشن کیا۔
آپریشن میں 7 عسکریت پسند مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 سپاہی جاں بحق ہو گئے۔ 23 سالہ مومن شاہ کا تعلق ڈی آئی خان سے تھا اور 31 سالہ سپاہی محمد شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ محمد شاہ نے پسماندگان میں بیوہ اور تین بچیاں چھوڑی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ تین روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کارروائی شمالی وزیرستان کے عدل خیل گاؤں میں کی گئی، عسکریت پسند علاقے سے فرار ہوتے ہوئے مارے گئے اور ان عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد کیا گیا۔