بچوں کی اگلے کلاسوں میں فری پروموشن کا فیصلہ نہیں کیا۔ اکبر ایوب خان
صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت نے بچوں کو اگلے کلاسوں میں فری پروموشن کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ کلاس اول ادنیٰ سے کلاس ہشتم تک کے بچوں کو فری میں اگلے کلاسوں میں پروموشن نہیں دی گئی ہے اس حوالے سے میڈیا پر غلط باتیں لوگوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو صرف یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ کلاس اول ادنیٰ سے لے کر کلاس ہشتم تک کے جن بچوں کے امتحانات ہوچکے ہیں، ان کے نتائج کا فوراً اعلان کروا دیا جائے اور جن بچوں نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے ان کو اگلے کلاسوں کی نئی کتابیں، رزلٹ کارڈ اور چھٹیوں کا ہوم ورک دیا جائے تاکہ چھٹیاں میں بچوں کو تعلیم کے ساتھ منسلک رکھا جا سکے۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ یہ ہدایات صرف سرکاری سکولوں کے لیے ہیں جبکہ پرائویٹ سکولوں کے حوالے سے پرائویٹ سکول ریگولیرٹی اتھارٹی (PSRA) جلد اپنے احکامات جاری کرے گی، جہاں امتحانات نہیں ہوئے اس کے متعلق صوبائی حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ عوام کے سامنے بہت جلد واضح کر دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بورڈ کے امتحانات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہم، دھم اور گیارہویں، بارہویں کے بورڈز امتحانات جون کے پہلے ہفتے میں شروع کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مطلوبہ ٹاسک پورا کرتے وقت کرونا کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اجتماع اور پانچ سے زیادہ طلباء کو اکٹھا کرنے سے بچایا جائے تاکہ اس وبائی مرض سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی تجاویز بھی زیر غور ہیں کہ بچوں کو ان کے رزلٹ کارڈ، ہوم ورک اور کتابیں گھر پر پہنچائی جا سکیں جس کے لئے محکمہ تعلیم کا عملہ پوری طرح سے مصروف عمل ہے۔