‘پاکستان میں کورونا متاثرین اور اموات لگائے گئے تخمینہ کے برعکس کہیں کم ہیں’
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق جو تخمینہ لگایا گیا تھا اس کے برعکس اموات کم ہوئی ہیں۔
سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے تدارک کے لیےکوشش کر رہے ہیں، اس حوالے سے جو تخمینہ لگایا گیا تھا اس کے حساب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے، تخمینے کے برعکس اموات بھی کم ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ متاثرین کورونا کی امداد اورصحت کی سہولیات پر چیف جسٹس کو آج بریفنگ دی جائے گی جس میں سپریم کورٹ کے دیگر ججزبھی شریک ہوں گے۔
ملک میں اب تک کورونا متاثرین 4200 سے تجاوز کر گئے ہیں جن میں 61 اموات واقع ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے صحت کی سہولیات اور امداد کی فراہمی کی شفافیت پر سوال اٹھایا تھا، عدالت نے اب تک آنے والی بیرونی امداد اور فنڈ متاثرین تک نہ پہنچنے پرتشویش کا اظہارکیا تھا۔
گزشتہ سماعت میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ 25 اپریل تک ملک میں کورونا متاثرین 50 ہزار تک پہنچنے کا اندیشہ ہے جن میں سات ہزار تک کے علامات شدید ہونے اور 2 سے 3 ہزار تک کے موت کے منہ میں جانے کا بھی خدشہ ہے۔