خیبر پختونخوا

کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی امداد، شاہد آفریدی دیر بالا پہنچ گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل راونڈر شاہد خان آفریدی سوات کے مختصر دورے کے بعد کرونا سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقہ دیربالا پہنچ گئے جہاں کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر دیربالا نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر شاہد خان آفریدی نے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں ریلیف سامان تقسیم کی، بعدازاں کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر دیربالا خالد اقبال خٹک کے ہمراہ مختلف قرنطینہ سنٹروں کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر شاہد خان افریدی نے کہا کہ آفریدی فاؤنڈیشن ملک بھر کے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہے اور ہر ضلع میں جا کر متاثرہ افراد خاص کر مزدور اور نادار افراد کی مدد کریں گے، عوام احتیاط کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

قبل ازیں انہوں نے سوات کا مختصر دورہ کیا تھا اور کرونا وائرس کی وباء سے مثاثرہ سوات کے غریب خاندانوں میں خوراکی اشیاء تقسیم کرنے کے لئے سوات فلاحی تنظیم کے رضا کاروں کے ساتھ ملاقات کی۔

اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود، ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم اور سوات فلاحی تنطیم کے رکن بھی موجود تھے۔

شاہد خان افریدی نے چندخاندانوں میں باعزت طریقے سے خوراکی اشیاء تقسیم کیں،جبکہ سوات فلاحی تنظیم کو 250 مزید خاندانوں میں باعزت طریقے سے ان کی دہلیز پر خوراکی اشیاء تقسیم کرنے کی درخواست کی۔

شاہد آفریدی سوات کے مختصر دورہ کے دوران انتظامی افسران کے ساتھ

شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ سوات کے لوگوں نے مجھے ہمیشہ پیار اور عزت دی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہوں، رمضان میں دوبارہ آکر غریب خاندانوں کی مدد کروں گا۔

انہوں نے کرونا وائرس کی وباء سے بچنے کے لئے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور محمکہ صحت کے بتائے ہوئے تجاویز پر عمل کریں تاکہ وباء پر قابو پایا جا سکے۔

قومی کرکٹ کے سابق کپتان سوات کے مختصر دورے کے بعد چترال کے لئے روانہ ہوئے جہاں وہ غریب خاندانوں میں ریلیف پیکج تقسیم کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button