پشاور اور سوات میں کورونا سے مزید 5 ہلاکتیں
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں تین کا تعلق پشاور جبکہ دو کا سوات سے ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تین افراد جن کی عمریں 50، 62 اور 76 سال تھیں، وفات پاگئے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ شب سوات میں بھی کورونا میں مبتلا دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جن میں بحرین کا فضل ربی اور مینگورہ کا رہائشی خالد خان شامل ہیں۔
سوات کے ڈپٹی کمشنر کے ثاقب رضا اسلم کے مطابق دونوں جنازیں متعین کردہ طریقہ کار کے مطابق ادا کرکے لاشوں کی تدفین کی جاچکی ہے۔
سوات میں مجموعی طور پر 13 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہیں جن میں تین کی موت واقع ہوچکی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں فی الوقت کورونا متاثرین 372 ہیں جن میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس وائرس کی وجہ سے ملک میں مجموعی اموات 47 ہوگئی ہیں جبکہ مجموعی متاثرین کی تعداد 2880 تک پہنچ چکی ہے۔