مانسہرہ، مٹی کا تودہ گرنے سے دوسری جماعت کی طالبہ جاں بحق
مانسہرہ کے علاقے مرادپور میں رات کے اندھیرے میں اسحاق کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی، مٹی کا تودہ گھر پر گر جانے سے دوسری جماعت کی طالبہ اقراء اسحاق جان کی بازی ہار گئی باقی گھر والے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق گذشتہ روز تھانہ خاکی کے حدودی علاقہ مرادپور میں رات کے تقریباً 2 بجے اچانک مٹی کا تودہ سرک کر اسحاق کے گھر پر آگرا جس سے مکان تباہ ہو گیا اور مکین ملبے تلے دب گئے تاہم گھر کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے جنہیں معمولی زخم آئے مگر اسحاق کی بیٹی جو کہ 2nd ائیر کی طالبہ تھی ملبے تلے دب جانے سے جانبر نہ ہو سکی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اور میت کو اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے باہر نکالا۔
طالبہ کو بعد نماز جنازہ آبائی گاؤں مرادپور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
دوسری جانب قبائلی ضلع خیبر کے علاقے ماربل چوک ملاگوری میں بادشاہ نور ولد اقبال میر کے 2 کمرے گر گئے جن میں موجود سامان خراب ہو گیا ہے جبکہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے سے اشیاء کو باہر نکالا۔ مقامی لوگوں نے پولیٹیکل انتظامیہ اور مخیر حضرات سے اس نقصان پر متاثرہ خاندان سے مالی معاونت کی اپیل کی ہے۔