وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تردید
وزیراعظم عمران خان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر کی تردید کردی گئی۔ سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بارے میں غیر ملکی ٹی وی کی خبر کی تردید کی ہے۔
ایک بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ سب کو جعلی خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے، برائے مہربانی متعلقہ ٹی وی اپنی خبردرست کرے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو حفظ و امان میں رکھے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک غیر ملکی ویب ٹی وی نے وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر دی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 1373 تک جاپہنچی۔
پاکستان میں جمعے کو کورونا وائرس کے مزید 179 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 57، پنجاب میں 85، سندھ میں 19، گلگت بلتستان میں 16 اور اسلام آباد میں 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔