خیبر پختونخوا

باڑہ کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ مردان کے دو مریض بھی صحتیاب

مردان میں کرونا وائرس سے متاثرہ 2 مریض صحت یاب ہو کر گھر منتقل ہو گئے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق عالم زیب اور کمال الدین منگا کے رہائشی اور دونوں کرونا سے جاں بحق ہونے والے سعادت خان کے ساتھ عمرہ کرکے آئے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عالم زیب اور کمال الدین نامی دونوں مریض 5 دن تک ایم ایم سی میں زیر علاج رہے، آج انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ منگا سے تعلق رکھنے والے 45 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، دو مریضوں کی صحت یابی کے بعد یہ تعداد 43 رہ گئی، وائرس سے متاثرہ افراد مختلف قرنطینہ سنٹرز میں زیرعلاج ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل قبائلی ضلع خیبر سے کورونا وائرس کا واحد مریض عادل الرحمٰن آفریدی بھی صحتیاب ہو کر گھر منتقل ہو چکے ہیں، انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وئرس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں بس صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب مردان میں پاک آرمی اور ضلعی پولیس نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا جس میں پاک فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

اس حوالے سے مردان پولیس کا کہنا تھا کہ فلیگ مارچ سے عوام الناس کو موجودہ حالات میں سیکورٹی اداروں کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی مقصود ہے، پاک فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں۔

اس حوالے سے ڈی پی او سجادخان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ کے لئے شہر کو لاک ڈاون کیا گیا ہے، لاک ڈاون کے دوران عوام الناس گھروں میں رہیں اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button