قومی

شہباز شریف کی پی آئی اے کی آخری فلائیٹ سے وطن واپسی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لندن سے آج صبح وطن پہنچ گئے۔

شہباز شریف قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جس فلائٹ سے واپس آئے وہ لندن سے پی آئی اے کی آخری فلائٹ تھی کیونکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر حکومت نے تمام بین الاقوامی پروازیں اگلے دو ہفتوں کے لیے معطل کردی ہیں۔ ‎

وطن پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے علاج کے سلسلےمیں ان کے ہمراہ لندن تھا، متعلقہ ڈاکٹر چھٹی پر تھا اس لیے نواز شریف کے دل کا آپریشن ممکن نہیں ہوا سکا‘۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’ڈاکٹر چھٹی سے واپس آگیا ہے اور اب ڈاکٹر نے معائنے کا وقت دیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’فضائی حدود بند ہونے کی خبر پر میں نے اور نواز شریف نے مشورہ کیا اور نواز شریف نے مجھے وطن واپس پہنچنے کا کہا‘۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کورونا وائرس سے متعلق کہا کہ بطور رضاکار اس آفت سے نمٹنے کے لیے میں اور ہمارے تمام ساتھی موجود ہیں اور اس کا مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر گزشتہ 4 ماہ سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف زیر علاج ہیں۔

حکمران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت پنجاب نے شہباز شریف کے وطن واپسی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا اور امید کا ظاہر کی تھی کہ اپوزیشن لیڈر کورونا وائرس کے تدارک میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں گے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button