کورونا کو روکنا ہے، وزیراعلیٰ نے 1300 نئے میڈیکل آفیسرز بھرتی کرنے کی منظوری دیدی
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا وائرس کے موثر تدارک کے لیے اقدامات کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے محکمہ صحت میں ہنگامی بنیادوں پر 1300 نئے میڈیکل آفیسرز بھرتی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
یہ تمام میڈیکل آفیسرز اگلے ہفتے سے باقاعدہ ڈیوٹی شروع کریں گے، ان ڈاکٹروں کو صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے گا جو کورونا کے مریضوں کی علاج معالجے کے حوالے سے خدمات انجام دیں گے۔
اس حوالے سے وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے لوگوں کو کورونا کی وباء سے محفوظ کرنے اور اس وباء کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے ہر وہ اقدام اٹھائے گی جس کے حالات متقاضی ہیں اور اس حوالے سے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صوبے میں ساری صورتحال کو بذات خود مانیٹر کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وفاق حکومت کے تمام اداروں کے ساتھ مسلسل قریبی رابطے میں ہیں۔
وزیراعلی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت عوام کے تعاون اور اللہ کے فضل و کرم سے اس مشکل صورتحال سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے اور اپنے اردگرد لوگوں کی حفاظت کی خاطر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، خود کو گھروں تک محدود کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔