‘عوام محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کریں’
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ چین نے کرکے دکھایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امدادتیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، یہ احکامات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے، انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاوٴ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے، ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی۔
دوسری جانب ملک بھر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 34 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 519 تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے پاکستان میں کورونا سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہیں۔