خیبر پختونخوا

کورونا کا خوف: خیبرپختونخوا میں پولیو مہم منسوخ

 

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 16 سے 20 مارچ تک شیڈول پولیو مہم کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی دو اموات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے ایک کا تعلق پشاور جبکہ دوسرے کا ضلع مردان سے تھا۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق چارسدہ ، مردان ، نوشہرہ ، صوابی اور مہمند سمیت پانچ اضلاع میں ہونے والی اس مہم کے دوران 13 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جانے تھے۔

واضح رہے کہ مردان میں کورونا وائرس سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ یوسی کو لاک ڈاون کردیا۔

اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یونین کونسل منگا سے کسی کو باہر جانے یا اندر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یونین کونسل میں آنے جانے پر پابندی عوام کی بھلائی کے لئے لگائی گئی ہے۔

مردان میڈیکل کمپلیکس میں کورونا وائرس سے جاں بحق شخص سعادت خان کا تعلق یونین کونسل منگا سے تھا جو ایک ہفتہ پہلے عمرے سے آیا تھا۔ سعادت خان کی عمر 50 سال تھی اور ان کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔ ہسپتال زرائع نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شخص ٹی بی کا بھی مریض تھا لیکن ان کی موت کورونا سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہنگو کے رہائشی 36 سالہ مریض کے موت کی بھی تصدیق کردی ہے۔ یہ مریض بھی چند دن پہلے متحدہ عرب امارات سے واپس آیا تھا اور پشاور کے علاقے سفید ڈھیری میں رہائش پذیر تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button