کورونا کا خدشہ، ستمبر 2019 میں ختم شناختی کارڈز میں یکم جولائی 2020 تک توسیع
پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے مریض کی ہلاکت کے بعد جہاں حکومت وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات میں تیزی لا رہی ہے وہاں نادرا نے بھی شہریوں کیلئے نیا حکمنامہ جاری کیا ہے۔
کرونا وائرس کے پیش نظر نادرا کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے جاری حکم کے مطابق ستمبر 2019 سے ختم ہونے والے شناختی کارڈز کی یکم جولائی 2020 سے پہلے تجدید کرانا ضروری نہیں، ایسے تمام کارڈز کی توسیع دی گئی ہے۔
نادرہ ترجمان کے مطابق شناختی کارڈز میں ترامیم کے لیے نادرا کی آن لائن سروسز کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا، لاہور کے میو ہسپتال میں زیر علاج غلام عمران نامی مریض پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا شکار بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص حافظ آباد کا رہائشی اور تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے لوٹا تھا اور 14 روز قرنطینہ میں بھی گزارے تھے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرنے کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری کردیئے، پنجاب میں مزید 6 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے 155 افراد متاثر ہوئے، خیبرپختونخوا میں 15 افرادمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، بلوچستان میں 10 افراد کورونا وائرس کا نشانہ بنے، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 212 ہو گئی ہے۔