معاوضوں کی عدم ادائیگی، ضرب عضب سے متاثرہ پٹرول پمپس مالکان کا احتجاج
آل پیٹرول پمپس کے مالکان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پورے شمالی وزیرستان کو بند کرنے کی دھمکی دی ہے اور موجودہ حکومت سے ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔
بنوں میں آل پیٹرول پمپس شمالی وزیرستان کے صدر گل رقیب خان, سیکرٹری اطلاعات گل بہادر اور فنانس سیکرٹری ملک سعید نور نے احتجاجی مظاہرے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جو بھی شخص احتجاج کرتا ہے وہ حق پر ہوتا ہے کیونکہ آپریشن ضرب عضب میں ہر ایک وزیرستانی کا نقصان ہوا ہے، ہر ایک شخص کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے اب وہ نقصان کی وجہ سے دووقت کی روٹی کیلئے سوچ رہا ہے اس کو اگر حکومت کی طرف سے نقصان کا معاوضہ نہ ملا تو وہ خود سوزی کرے گا کیونکہ اس کے پاس خودسوزی کے سوا کوئی دوسرا راستہ ہے نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ستر سے زائد پیٹرول پمپس کے مالکان کو آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے جس کے ازالے ان پیٹرول پمپس کے مالکان نے اپنی فریاد متعلقہ حکام کو پہنچائی ہے مگر جس میں چند کو معاوضہ ملا ہے اور زیادہ تر پیٹرول پمپس کے مالکان کو معاوضے نہیں ملے ہیں۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جس کا جتنا حق بنتا ہے اور جس کاجتنا نقصان ہوا ہے اس کو اُسی نقصان کے مطابق معاوضہ دیا جائے اور معاوضے میں کمی نہ کی جائے۔
اُنہوں نے دھمکی دی کہ اگر ہمارے پیٹرول پمپس مالکان کو معاوضے نہ یئے گئے تو ہم پورے شمالی وزیرستان کو بند کردیں گے اور صوبائی اسمبلی کے سامنے بھی احتجاج کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔