قومی

سندھ میں کورونا کے مزید 41 کیسز سامنے آگئے، ملک میں تعداد 94 تک پہنچ گئی

سندھ میں ایران سے آنے والے 41 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس سے سندھ صوبے میں اس مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 76 جبکہ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد کم از کم 94 ہوگئی۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مزید افراد کے ٹیسٹ نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق تفتان بارڈر سے سکھر پہنچنے والے 50 افراد میں اب تک کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر کے 50 کیسز کے علاوہ 25 کیسز کراچی اور حیدرآباد کے ایک کیسز کے ساتھ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے 2 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ افراد کو جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی انہیں آئیسولیشن (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ تفتان بارڈر پر قرنطینہ کیے گئے مجموعی 853 زائرین میں سے 288 کو سکھر منتقل کیا گیا ہے۔

جس میں سے 40 زائرین کے طبی نمونے ٹیسٹ کے لیے کراچی روانہ کیے گئے تھے اور گزشتہ روز ان میں سے 13 نمونے مثبت ثابت ہوئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button