کورونا وائرس : پی ایس ایل کے غیرملکی کھلاڑیوں کا وطن واپس جانے کا فیصلہ
واپس جانے والے کھلاڑیوں میں لیام لیونگسٹن، بریتھویٹ، لیام ڈاوسن، الیکس ہیلز، ٹام بینٹن، لیوئس گریگری، جیمز ونس اورریلی روسوبھی شامل ہیں۔
کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کی خواہش ظاہرکی جس کے بعد پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کواپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔
اس بارے میں پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ بورڈ کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو آپشن دیا گیا ہے کہ اگر وہ ٹورنامنٹ دستبردار ہونا چاہیں تو ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور تمام فرنچائزز سے رابطے میں ہیں جیسے ہی اس حوالے سے کوئی بات سامنے آئے اسے میڈیا کو فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ، احتیاطی تدابیر اور ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
واپس جانے والے کھلاڑیوں میں لیام لیونگسٹن، بریتھویٹ، لیام ڈاوسن، الیکس ہیلز، ٹام بینٹن، لیوئس گریگری، جیمز ونس اورریلی روسوبھی شامل ہیں۔
ترجمان پی سی بی بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کوفیصلے کا حق حاصل ہے، کھلاڑیوں نے اپنا حق استعمال کیا تو باقاعدہ اعلان کریں گے۔
دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری ہے اور آج کا میچ بھی منعقد کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا تھا۔