خیبر پختونخوا

ایبٹ آباد: گاڑیوں پربرفانی تودہ گرنے سے 4 افرادجاں بحق

 

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام نھتیا گلی میں کنڈلہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودہ گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد مری روڈ پر رواں چار مسافر گاڑیاں زد میں آئی ہیں۔

مقامی پولیس اور ریسکیو 1122کے مطابق چار گاڑیوں میں سے ایک مسافر وین دو کاریں اور سوزوکی وین برفانی تودے کی زد میں آئی جس میں سے 2 کاریں اور ایک سوزوکی وین کو برفانی تودہ ساتھ گہری کھائی میں لے گیا جبکہ مسافر وین روڈ کے اوپر ہی برفانی ملبے تلے دب گئی۔

واقعہ میں اب تک عینی شاہدین کے مطابق 4 افراد کے جاں بحق ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 15 زخمیوں کو نکال کر ایبٹ آباد کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ سرکاری طور پر صرف 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے تاہم مذید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

واقع کے بعد ایبٹ آباد مری روڈ بھی مکمل بند ہو گئی ہے۔ پولیس، ریسکیو اہلکار اور مقامی لوگ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں برفانی تودہ گرنے سے حادثہ کا شکار تین گاڑیاں روڈ سے نیچے گہری کھائی میں گری ہیں جبکہ ٹیوٹا ہائی ایس سڑک سے کھائی میں گرنے سے سے بچ گئی جس میں سوار تمام زخمی افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ دو موٹرز کار میں سوار سیاحوں کو کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ لاپتہ ہونے والی سوزوکی گاڑی کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں درجنوں افراد سوار تھے۔

ایس ایچ او ڈونگا گلی سردار واجد نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں جو لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں جبکہ 1122 کے علاوہ مقامی آبادی بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق نتھیا گلی حادثہ کی اطلاعات کے بعد ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی تین ایمبولینسز اور ریکوری ویکل جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو 1122 کے اہلکار پہاڑ سے نیچے گہرائی میں پیدل اتر کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ریسکیو میڈیکل ٹیمیں سپائن بورڈز اور میڈیسن کے ہمراہ جائے حادثہ پر موجود ہیں ترجمان کے مطابق پہاڑ سے نیچے گہرائیوں تک پہنچنے کے لیے دو گھنٹوں کی پیدل مسافت کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو1122 کے 20 اہلکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button