قومی

پاکستان میں مزید تین افراد کورونا وائرس کا شکار

 

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں تصدیق شدہ متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق نئے آنے والے کیسز میں سے ایک کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کراچی سے ہے جب کہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

کراچی میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے جن میں سے 2 مریض صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ حکام کے مطابق پہلا کیس حیدرآباد میں سامنے آیاہے، متاثرہ شخص شام کے راستہ دوحا سے پاکستان آیا جب کہ متاثرہ دوسرا شخص دبئی کے راستے ایران سے کراچی آیا ہے۔

بعد ازاں کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں زیر علاج 12 سالہ علی رضا میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ہسپتال کی میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق متاثرہ بچہ والدین کے ساتھ پاک ایران سرحدی علاقے تفتان سے کوئٹہ پہنچا تھا تاہم بچے کے والدین میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ایم ایس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کا تعلق سندھ کے ضلع دادو سے ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 12 سالہ علی رضا اپنے گھر والوں کے ہمراہ ایران سے آیا تھا جو تفتان کوارنٹائن سینٹر میں مقیم تھا جسے گزشتہ روز کوئٹہ منتقل کیا گیا جس کے بعد اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

کورونا وائرس کے نئے نئے کیس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں اب تک سندھ سے 15، اسلام آباد سے 2، گلگت بلتستان اور  کوئٹہ سے ایک ایک کیسز سامنے آچکے ہیں۔

دوسری جانب اٹلی میں گزشتہ روز مزید 977 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 168 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اٹلی میں اب تک 10,149 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 631 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشتیں بھی سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ چین میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہوبئی میں لاک ڈاؤن بھی نرم کردیا گیا ہے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کورونا سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان کا دورہ کیا ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے گزشہ روزمزید 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 136 ہوگئی ہے۔

چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80761 ہوگئی ہے تاہم ان میں سے 60 ہزار 113 افراد صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 512 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 4 ہزار 794 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس سے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی ہیں۔ ایران میں آج بھی881 نئے کیسز سامنے آئے اور 54 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 291 ہوگئی ہے۔ ایران میں مجموعی طور پر 8 ہزار 42 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 2731 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button