اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹ سے شکست دے کر ملتان سلطانز پلے آف مرحلے میں
پاکستان سپر لیگ کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹ سے شکست دیدی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کو بارش کے باعث 9،9 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 97 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 7ویں اوور میں ہی ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے پورا کرلیا۔
میچ کے آغاز پر ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بالترتیب 18 اور 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام بھی 6 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔
کپتان شاداب خان کی اننگز بھی صرف 14 رنز تک ہی محدود رہی، آصف علی بھی توقعات پر پورا نہ اترسکے اور صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور جنید خان نے 2،2 جب کہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 68 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا، ذیشان 16 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔
جیمز ونس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، وہ 61 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ معین علی بھی 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔