خیبر پختونخوا

چھت گرنے کے واقعات کا سلسلہ جاری، بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

مردان میں کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ساتھ ساتھ قباٸلی ضلع خیبر اور مہمند سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں مکان کی چھت گرنے کے واقعات میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے، اس کے علاوہ ان واقعات میں مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقہ سپاہ ڈورہ صاحبزاد گانو کلی میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے سابقہ پولیو کے ایریا سپُر واٸزر نیاز ولی کے مکان کی چھت گرنے سے اس کا چچازاد بچہ و بچی سلمان اور مریم ولد شیر بادشاہ جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگٸے۔

دوسری جانب قبیلہ سپاہ ہی کے علاقے بچی نہر نالہ روڈ پرتاج محمد نامی شخص کے گھر میں جانوروں کیلٸے بنایا گیا برآمدہ گرنے سے 3 بھینسیں ہلاک ہوگٸیں۔

مقامی ذراٸع نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے ان میں سے دو بھینسیں قرض لیکر خریدی تھیں، ماہانہ قسط دے رہا تھا، یہی بھینسیں اس کی آمدن کا ذریعہ تھیں۔

انہوں نے حکومت اور دیگر مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی۔

اسی طرح ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے علاقہ تمانزئی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 13 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر مہمند کے مطابق ملبے سے لاش اور زخمیوں کو نکال دیا گیا ہے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تحصیل پڑانگ غار میں بھی بارش کے باعث مویشیوں کے کمرے کی چھت گر گئی، واقعہ میں دو بیل اور تین بکریاں ہلاک ہوئی ہیں۔

دوسری جانب مردان کے علاقے گڑھی کپورہ میں باچاگل نامی شخص کے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 35 سالہ مسماۃ (ص) اور 5 سالہ بچی شمائلہ جان بحق جبکہ 50 سالہ محسنہ اور 65 سالہ باچا گل زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرکے زخمیوں اور جان بحق افراد کو ایم ایم سی منتقل کر دیا، جان بحق ہونے والی آپس میں ماں اور بیٹی ہیں۔

مردان کے علاقے لوندخوڑ جنگے میں صادق الحق نامی شخص کے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں  صادق الحق زخمی جبکہ اس کا 8 سالہ بیٹا حسنین جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے حسین کو تخت بھائی ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

مردان ہی کے علاقے گڑھی کپورہ میں مسجد میں صفائی کے دوران نوجوان کو بجلی کا کرنٹ لگا، ریسکیو 1122 کی ٹیم نے نوجوان کو CPR دیتے ہوئے ٹائپ ڈی ہسپتال شہباز گڑھی منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی، نوجوان کی شناخت اختشام خان ولد اختر علی سکنہ چمرنگ کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر نوشہرہ کی تحصیل پبی فرنگی تالو ڈاگ اسمعیل خیل کے علاقے میں بارش کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے تین افراد شدید زخمی ہوئے

نمائندہ ٹی این این کے مطابق واقعہ تحصیل پبی، فرنگی تالو ڈاگ اسمعیل خیل کے علاقے میں پیش آیا، زخمی ہونے والوں میں محمد شافی عمر 42 سال، ریحان عمر 9 سال اور جویریہ عمر 7 سال شامل ہیں جنہیں میاں راشد میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح صوابی کے حریف خان کلے میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے سربراہ خانہ جاں بحق جبکہ اس کی اہلیہ، دو بیٹے اور بھائی شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس تھانہ یار حسین کی رپورٹ کے مطابق سوار خان ولد رحیم داد سکنہ حریف خان کلے معمول کے مطابق گھر میں اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھا کہ اس دوران شدید بارش کے باعث مکان کے کمرے کی چھت منہدم ہو گئی جس کے ملبہ تلے دب جانے سے سوار خان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی سردار، بیوی، دو بیٹے حامد اور جابر زخمی ہو گئے جنہیں مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 4بھینسیں بھی زخمی ہوئیں۔

واضح رہے کہ رات بھر موسلادھار بارش نے نوشہرہ میں تباہی مچا دی ہے، نظام پور اور خیر آباد کے درمیان رابطہ پل طغیانی آنے سے بہہ گیا ہے اور دونوں اطراف سے راستے بند ہوگئے جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

پل گرنے کی وجہ سے کئی کلومیٹر کا سفر عوام پیدل کرنے پر مجبور ہوگئے، عوام نے اعلی حکام سے پل کی جلد از جلد بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران زیادہ تر مکانات کی چھت گرنے کے واقعات میں اب تک 22 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ متعلقہ حکام یا اتھارٹیز کی جانب سے الرٹ تو جاری کیا جاتا ہے تاہم ان واقعات کے بیشتر متاثرین میں سے بریکوٹ میں جاں بحق طالبہ کے خاندان کو ہی امداد بھی دی گئی اور تعزیت بھی کی گئی، باقی کے متاثرین میں سے کسی کو بھی تاحال کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں ملا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button