کھیل

زلمی نے اسلام آباد کو، قلندرز نے گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

راولپنڈی اور لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آج کھیلے گئے میچز میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 20ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت شکست دیدی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 85 رنز بنالیے تھے تاہم بارش کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے بعد ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پشاور زلمی کو جیت کا حقدار قرار دیا گیا۔

میچ کے آغاز پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی صرف 6 رنز بنانے کے بعد راحت علی کا شکار بنے۔ رضوان حسین بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ساتھ ملکر زبردست شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، منرو 35 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام نے بھی شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔

کولن انگرام 25 گیندوں پر 41  رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ شاداب خان نے 42 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2، کارلوس بریتھ ویٹ، وہاب ریاض اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا، امام صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کامران اکمل 21 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث میچ ختم ہونے سے پہلے ٹام بینٹن 16 گیندوں پر 20 اور حیدر علی 8 گیندوں پر 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دوسری جانب لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائیو کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی، شاہین آفریدی اور سمت پٹیل کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں جلدی گرادیں جس کی بدولت وہ صرف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز بناسکے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا اور اپنے اگلے ہی اوور میں احمد شہزاد کو بھی آؤٹ کرکے کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1236291797061697544

بعد ازاں سمت پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 1، جیسن روئے 6، اعظم خان اور بین کٹنگ کو صفر پر پویلین واپس بھیج کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

محمد نواز نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ 26 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد راجا فرضان کا شکار بنے جب کہ فواد احمد کی وکٹ بھی فرضان کے حصے میں آئی وہ 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سہیل خان نے 35 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی وہ سلمان ارشاد کا شکار بنے۔

ہدف کے تعاقب میں فخرزمان نے سہیل اختر کے ساتھ ملکر جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن فخر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان سہیل کی ناقص بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

محمد حفیظ اور بین ڈنک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا، حفیظ 32 گیندوں پر 39 اور ڈنک 21 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button