قبائلی اضلاع

زمرد کی کان اور غیر قانونی لیز، باجوڑ کے قبائل کا بھرپور احتجاج

قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے آمان کوٹ برنگ کے پانچ قبائل کے مشران نے زمُرد کان کے غیر قانونی لیز اور این او سی کیلئے اپلائی کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے لیز اور این او سی کینسل نہ کرنے کی صورت میں انسداد پولیو مہم سے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔

اس سلسلے میں آمان کوٹ برنگ باجوڑ کے پانچ قوموں پائندہ خیل، طوری خیل، تاج بیگ خیل، بیر خیل اور شہزاد خیل کے مشران نے احتجاجی مظاہرہ اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پانچ قوموں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ مشران تاج محمد ، ذاکر زیب برنگ وال ، حاجی اصغر خان ، زر محمد ، مکرم خان ، آمیر خان اور سلطان خان نے کہا کہ مذکورہ اراضی جو کہ آدم خان اور مکرم خان کی ملکیت ہے اور اس زمرد کان میں ہم پانچ قوموں کی 20 کانیں ہیں لیکن اس کے باوجود بہادر شاہ نامی شخص نے قوم اور علاقے کے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر 54 ایکڑ آراضی کی لیز اور این او سی لینے کے لئے اپلائی کیا ہے جس سے قوموں اور علاقے کے لوگوں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے اور خون خرابے کا خدشہ بڑھ گیاہے اور کسی صورت فرد واحد کو زمرد کان کی لیز یا این او سی دینے کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیز اور این او سی کا مقامی ممبر قومی اسمبلی اور ممبر صوبائی اسمبلی کو بھی علم نہیں ہے۔

قومی مشران نے کہا کہ ہم کسی صورت امن و امان خراب نہیں کرنا چاہتے اور قانون کی مکمل پاسداری کرتے ہیں لیکن اپنے حق پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے صوبائی ڈائریکٹر منرل خیبر پختونخواہ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ سمیت وزیر اعلیٰ محمود خان، مقامی ایم این اے گل داد خان، ممبر صوبائی اسمبلی انجینئر اجمل خان اور دیگر حکام سے آمان کوٹ زمرد کان کی لیز اور این او سی لینے کے لئے اپلائی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فوری طور پر مذکورہ این او سی اور لیز کے لئے اپلائی کینسل کریں اور قوموں کو اعتماد میں لیکر انصاف پر مبنی کارروائی کی جائے۔

مشران نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ہم کسی صورت فرد واحد کو این او سی اور لیز دینے کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے اور اپنے حق حاصل کرنے کے لئے کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے ہمیں انصاف فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے اس لئے ہم اُمید رکھتے ہیں کہ فرد واحد کو پورے علاقے کا لیز اور این او سی نہیں دیں گے اور قوموں کو اعتماد میں لیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button