قومی

پاکستان میں کورونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا 

 

پاکستان میں کورونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا متاثرہ شخص کا تعلق کراچی سے ہے جس کی عمر 69 سال ہے اور اس نے ایران کا سفر کیا تھا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریض کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے جس میں اس وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام کو یقین دلایا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے لوگوں سے کورونا وائرس کے کیسز چھپائے نہیں جارہے جتنی تعداد ہے وہ سامنے لائی جارہی ہے کیسز کی تعداد سینکڑوں میں ہونے کی باتیں غلط ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ شخص کا تعلق کراچی کے ضلع شرقی سے ہے جس کی عمر  69 سال ہے، نیا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہوگئی، مریض نے ایران سے سفر کیا تھا اور 25 فروری 2020ء کو واپس آیا تھا، علامات ظاہر ہونے پر معائنہ کیا گیا جس کے بعد کورونا کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا پچھلے دونوں مریضوں کی طبیعت بہتر ہے جو تاحال ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں، آغا خان ہسپتال میں زیر علاج 22 سالہ یحییٰ جعفری کا 13 مارچ کو دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور ٹیسٹ منفی آنے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا جب کہ دوسرا 65 سالہ مریض سول ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد اب تک 65 سے زائد مشتبہ مریضوں کے نمونے حاصل کیے جاچکے ہیں جن میں سے 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری جبکہ دوسرا یکم مارچ کو رپورٹ ہوا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button