کھیل

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

 

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا جو کوئٹہ کو 15 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں پر 140 رنز تک محدود رہے۔

شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا 18واں میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، میچ 15،15اوورز پر مشتمل تھا جبکہ پاور پلے پانچ پانچ اوورز پر مشتمل تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور نے شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم 9 کے مجموعی سکور پر امام الحق 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کامران اکمل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر حیدر علی اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔

حیدر علی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لیونگ اسٹون 12 اور شعیب ملک 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 جبکہ بین کٹنگ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ 45 کے مجموعی سکور پر شین واٹسن 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کوئٹہ کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری جب جیسن رائے 45 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔ اس کے بعد احمد شہزاد 10، بین کٹنگ 17، محمد نواز 18، اعظم خان صفر، کپتان سرفراز احمد ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ کی ٹیم 15 اوورز میں 7 وکٹوں پر 140 رنز بناسکی اور میچ 30 رنز سے ہار گئی۔ پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، راحت علی نے 2 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب پشاور زلمی کی انتظامیہ نے ڈیرن سیمی کو ٹیم کا باضابطہ ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے اور وہاب ریاض کو قیادت سونپ دی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button