پاکستان میں کورونا وائرس کا پانچواں کیس سامنے آگیا
کراچی اور اسلام آباد کے بعد گلگت بلتستان سے بھی کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ملک میں کراچی اور اسلام آباد سے کورونا وائرس کے 2،2 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔
تاہم اب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گلگت سے پانچویں کورونا وائرس کے کیس کی تصدیق کردی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق پانچویں مریض کا تعلق وفاقی علاقے سے ہے، مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے اور ان کا علاج ہو رہا ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق گلگت کی رہائشی 45 سالہ خاتون میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جو چند روز پہلے ایران سےآئی تھیں، خاتون کےاہلخانہ کے بھی کورونا وائرس کے متعلق ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ کیسز کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ مریض صحتیاب ہورہے ہیں جن میں سے ایک مریض کو جلد ہی ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر گلگت بلتستان کے تمام تعلیمی ادارے 7 مارچ تک بند کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سے مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے حفاظتی اقدامات سخت کردیے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیل گیا ہے اور اب سعودی عرب میں بھی پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرین کے راستے سعودی عرب میں داخل ہونے والے شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سعودی شہری ایران سے بذریعہ بحرین سعودی عرب میں داخل ہوا تھا جس کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے حکام کے مطابق متاثرہ شہری کو ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے ملنے والے افراد کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے جن میں کچھ کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2912 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں متاثر ہیں۔ چین کے علاوہ امریکا اور ایران سمیت متعدد ممالک میں بھی کورونا وائرس سے 157 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ سیکڑوں افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔