موٹرکار بارگین ایسوسی ایشن کی وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کی دھمکی
شمالی وزیرستان کی موٹرکار بارگین ایسوسی ایشن نے نقصانات کا معاوضہ نہ ملنے کے خلاف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہاؤس کے سامنے اور پاک افغان شاہراہ پر دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔
نیشنل پریس کلب بنوں میں پریس کانفرنس کے بعد احتجاجی مظاہرے سے آل شمالی وزیرستان کی بارگین ایسوسی ایشن کے ضلعی صدرملک سید جمال وزیر،نائب صدرملک محمد رسول ،چیئرمین کمیٹی ملک ضیاء اللہ ،ملک اکرم اللہ ،ملک حاجی یونس ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے 70 سے زائد ہمارے بارگین تباہ ہوچکے ہیں جن میں گاڑیاں کھڑی تھیں وہ بھی تباہ ہوچکی ہیں جن میں مجموعی طورپر ہمارے کھربوں کے نقصانات ہوئے ہیں پرامن احتجاج ہر شہری کا فرض ہے جن کے ازالے کیلئے ہم نے کئی بار پرامن احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دئیے مگر آج تک ازالہ نہیں کیا گیاہے کوئی بھی ہماری فریاد سننے کو تیار نہیں ہے۔
آپریشن ضرب عضب کے بعد شمالی وزیرستان میدان جنگ کا منظر پیش کررہا تھا آپریشن ضرب عضب میں ہزاروں گاڑیاں تباہ ہوچکی ہیں اُنہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح دیگرمتاثرہ خاندانوں اور دکانداروں کو معاوضہ دیا گیا ہے اُسی طرح ہمیں بھی دیا جائے۔
اُنہوں نے کہاکہ اب تو ہم خیبر پختونخوا میں ضم ہوچکے ہیں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کوپورے خیبرپختونخوا میں استعمال کرنے کی جازات دیں شمالی وزیرستان میں دوبارہ سروے کیا جائے جبکہ پہلے سروے سے رہ جانے والے موٹربارگینزنئے سروے میں شامل کئے جائیں۔ اُنہوں نے کہاکہ جب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوتے ہیں اس وقت تک ہمار ا پرامن احتجاج جاری رہے گا۔