‘ایم پی اے شفیق شیر میاں مورچہ میں منظور شدہ تعمیراتی پل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں’
ضلع خیبر کے علاقے میاں مورچہ ملاگوری کے مکینوں نے پی کے 105 سے ایم پی اے شفیق شیر کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ماربل چوک کے مقام پرمظاہرین نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھائے رکھے تھے۔
احتجاجی مظاہرے میں قوم ملاگوری کے مشران اور میاں مورچہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اہل علاقہ نے الزام لگایا کہ ایم پی اے شفیق شیر قوم ملاگوری میاں مورچہ میں منظور شدہ تعمیراتی پل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قوم ملاگوری میاں مورچہ کے عوام کیساتھ ظلم کررہے ہیں۔
قوم ملاگوری میاں مورچہ کے عوام نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ عوام کے ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پل پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کے تکلیف میں کمی آجائے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر پل پر کام شروع نہ ہوا تو ایم پی اے شفیق شیر کے خلاف پاک افغان روڈ کو بند کرکے انکے خلاف نہ ختم ہونے والا احتجاج شروع کرینگے۔