خیبر پختونخوا کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کا فیصلہ
خیبر پختونخوا کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی سے اطلاعات کا قلمدان لے کر انہیں وزیر کھیل بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کی جگہ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر کو مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بنایا جائے گا۔
اس ضمن میں ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن اگلے ہفتے جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 فروری کو صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو محکمہ صحت کا اضافی قلمدان دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 26 جنوری کو وزیراعلیٰ محمود خان کیخلاف بغاوت کے الزام میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان سمیت تین وزراء برطرف کیے گئے تھے۔
بعدازاں ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہٹائے گئے وزرا گروپنگ میں ملوث تھے، وزرا کوہٹانے سے دیگر لوگ بھی سیکھ جائیں گے کہ پارٹی ڈسپلن پرعمل کرنا ہوگا، تینوں وزراء کو عہدوں سے ہٹا کر پارٹی ڈسپلن برقرار رکھا گیا، اسمبلی میں بیٹھیں گے تب بھی ان کو پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھنا ہوگا، پارٹی کے اندر ڈسپلن لانے کے لیے اس طرح کا فیصلہ نا گزیر تھا، وزیراعظم آن بورڈ تھے اور صوبے کے تمام معاملات سے واقف تھے۔
دوسری جانب برطرف وزراء کا کہنا تھا کہ ان کیخلاف ٹھیک ٹھاک سازش کی گئی ہے تاہم وزیراعظم عمران خان سے شہرام اور عاطف کی ملاقات کے بعد انہیں واپس کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔