قومی

‘حکومت کا ریلیف پیکج عوام کے لیے تکلیف پیکج ہے’

 

وفاقی کابینہ نے 10 ارب روپے کے ریلیف پیکج کے اعلان کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا۔

ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز پر وزیراعظم کا 7 ارب روپے کا پیکج جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اب حکومت نے 5 ماہ تک 2 ارب روپے ماہانہ اور مجموعی طور پر 10 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے لیکن اب چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی کی قیمت 68 روپے سے بڑھا کر 70 روپے فی کلو اور گھی کی قیمت 170 روپے سے بڑھا کر 175 روپے فی کلو مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی کے 5 کلو کے تھیلے پر 10 روپے کا اضافہ ہوگا جبکہ آٹا، دالیں اور چاول کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے 7 جنوری سے جاری 7 ارب کے پیکج میں ہی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اور یہ سبسڈی کم کردی گئی ہے، یہی کچھ 10 ارب کے پیکج میں بھی کیا جائے گا۔

یوٹیلٹی حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے پر کچھ کہہ نہیں سکتے اور آئندہ چند روز میں قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جنوری 2020 میں وزیراعظم عمران خان نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو چینی، آٹا، گھی اور چاول پر 7 ارب روپے کا ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب مسلم لیگ نون نے مہنگائی کے خلاف حکومتی پیکج کو عوام کا معاشی قتل قرار دے دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ چور اور کرپٹ عمران مافیا کی وجہ سے عوام ، ملک اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے لیکن مسئلہ اب چور عمران مافیا کی حکومت کا نہیں، بلکہ پاکستان کا ہے، ملکی معیشت، سیکیورٹی ، سلامتی اور سالمیت کا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران مافیا نے ہر شعبہ میں چوری اور کرپشن عام کردی،  18 ماہ میں 13 ہزار ارب کا تاریخی قرض لیا لیکن ایک نئی اینٹ نہیں لگائی، روپے کی قدر 35 فیصد گرائی، ایکسپورٹ پھر بھی گررہی ہیں، گیس 300 فیصد اور بجلی 250 فیصد مہنگی کر دی، دوائیاں 50 فیصد مہنگی کر دیں، ترقی کے شرح 5.8 سے 1.9 فیصد کر دی،  مہنگائی 3 فیصد سے 15 فیصد کر دی، یہ سب کرپشن اور ڈکیتی نہیں ہے تو اور کیا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عمران مافیا کا 15 ارب کا پیکج عوام سے محض دھوکہ اور غریبوں کا مزید معاشی قتل عام ہے، عمران مافیا کا 15 ارب کا پیکج جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے لئے “ریلف پیکج” اور عوام کے کئے “تکلیف پیکج” ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button