ٹی ٹی پی کے دو اہم رہنما کابل میں قتل
تحریک طالبان پاکستان کے دو اہم رہنماء کابل میں قتل کردیئے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماء اعلی حکام سے ملاقات کے لئے کابل میں موجود تھے کہ انھیں قتل کردیا گیا اور ان کی لاشیں انٹرکانٹینینٹل ہوٹل کے قریبی علاقے سے ملیں۔
زرائع کے مطابق پاکستانی طالبان کے دو اہم رہنماؤں کو کابل کے قدرے محفوظ علاقے میں نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے۔ نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے ایک رہنماء کا نام شیخ خالد حقانی ہے۔
شیخ خالد حقانی پاکستانی طالبان کی قیادت میں اہم مقام رکھتے تھے اور ماضی میں اس گروہ کے نائب سربراہ بھی رہ چکے تھے جبکہ دوسرے قتل ہونے والے کی شناخت قاری سیف یونس کے نام سے ہوئی جو پاکستانی طالبان کے ایک کمانڈر تھے۔
تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں دونوں افراد کی شناخت اور قتل کی تصدیق کر دی گئی لیکن اس حوالے سے طالبان نے بہت کم تفصیلات فراہم کی ہیں۔
باوثوق زرائع کے مطابق یہ دونوں طالبان رہنماء کابل میں ایک ’خفیہ ملاقات‘ کے لیے موجود تھے اور مشرقی صوبے پکتیکا سے دارالحکومت آئے تھے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ کس سے ملنے والے تھے۔ واضح رہے کہ یہ وہی ہوٹل ہے جہاں حالیہ برسوں میں دو مہلک حملے ہو چکے ہیں۔
خیال رہے یہ ہلاکتیں پابچ دن قبل پچھلے ہفتے ہوئیں لیکن تحریکِ طالبان پاکستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتداء میں قیادت نے اس خبر کو چھپانے کا حکم دیا تھا۔