باڑہ میں صحافی پر تشدد قابل مذمت ہے۔ پاکستان یونین آف جرنلسٹس
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سینئر نائب شمیم شاہد نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے تعلق رکھنے والے کارکن صحافی شاہنواز خان پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد اور ہتک آمیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور صوبائی حکومت سے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں شمیم شاہد کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سابق قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد حکومتی اداروں کی توسیع میں ناکامی کے باعث اب قبائلی اضلاع میں مکمل لا قانونیت ہے اور وہاں پر عام لوگوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ان حالات کی نشاہدہی اور عوام کو درپیش مسائل کو حکمرانوں تک پہنچانے والے کارکن صحافیوں کو بھی نام نہاد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور افسران کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ھے۔
شمیم شاہد نے وزیر اعلی محمود خان اور انسپکٹر جنرل پولیس ثناء اللہ عباسی سے مطالبہ کیا کہ وہ باڑہ میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ملک بھر کے صحافی باڑہ کے کارکن صحافیوں کے شروع کردہ احتجاج میں بھر پور شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ باڑہ میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ٹی این این کے نمائندے شاہنواز آفریدی کو آج باڑہ پولیس کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر زدوکوب کیا ہے اور ان سے موبائل چھیننے کی کوشش کی ہے جس پر باڑہ پریس کلب کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔