وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو محکمہ صحت کا اضافی قلمدان تفویض
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو محکمہ صحت کا اضافی قلمدان دے دیا ۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا کو محکمہ صحت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
اس سے قبل محکمہ صحت کا قلمدان صوابی سے ممبر صوبائی اسمبلی شہرام ترکئی کے پاس تھا جنہیں وزیراعلیٰ محمود خان کیخلاف سازش کرنے پر کابینہ سے فارغ کردیا گیا تھا جس کے بعد سے اب تک یہ وزرات خالی تھی۔
یاد رہے کہ 26 جنوری کو وزیراعلیٰ محمود خان کیخلاف بغاوت کے الزام میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان سمیت تین وزراء برطرف کیے گئے تھے۔
بعدازاں ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہٹائے گئے وزرا گروپنگ میں ملوث تھے، وزرا کوہٹانے سے دیگر لوگ بھی سیکھ جائیں گے کہ پارٹی ڈسپلن پرعمل کرنا ہوگا، تینوں وزراء کو عہدوں سے ہٹا کر پارٹی ڈسپلن برقرار رکھا گیا، اسمبلی میں بیٹھیں گے تب بھی ان کو پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھنا ہوگا، پارٹی کے اندر ڈسپلن لانے کے لیے اس طرح کا فیصلہ نا گزیر تھا، وزیراعظم آن بورڈ تھے اور صوبے کے تمام معاملات سے واقف تھے۔
دوسری جانب برطرف وزراء کا کہنا تھا کہ ان کیخلاف ٹھیک ٹھاک سازش کی گئی ہے تاہم وزیراعظم عمران خان سے شہرام اور عاطف کی ملاقات کے بعد انہیں واپس کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
متعلقہ خبریں: