مردان سے کورونا کا مشتبہ مریض ایل آر ایچ منتقل
سوات اور باجوڑ کے بعد مردان میں بھی کورونا وائرس کا مشتبہ مریض سامنے آیا ہے جس کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں منتقل کیا گیا ہے۔
ایل آر ایچ انتظامیہ کے مطابق تخت بائی کا رہائشی 24 سالہ انس کو فلو اور بخار کی شکایت تھی جن کو مزید ٹیسٹس کے لئے داخل کیا گیا ہے تا کہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق مشتبہ مریض کا چند دن پہلے دوحہ ائیرپورٹ پر بھی سکرینگ کی گئی تھی لیکن کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
ایل آر ایچ کے سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم اور انتظامیہ تمام تر احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھتے ہوئے مریض کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے ملتان میں دو، سوات اور باجوڑ میں ایک ایک شخص میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز سامنے آئے تھے جن میں ابھی تک کسی میں بھی وائرس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
کورونا وائرس چین کے صوبے ووہان سے سامنے آیا تھا جو کہ ابھی تک دنیا کے 22 ممالک تک پھیل گیا ہے۔
کورونا وائرس میں چین پندرہ ہزار تک افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ابھی تک 300 سے زائد اموات ہوئی ہیں جبکہ آج چین سے باہر بھی اس وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جن کا تعلق فلپائن سے تھا۔