مردان کی ڈیجیٹل سبزی منڈی، ایک انوکھی کوشش
اشیائے خوردنوش کی گھر تک ڈیلیوری مکمل مفت ہوگی اور یہ تمام اشیا سرکاری نرخنامے کے ریٹ پر مہیا کی جائے گی۔
مردان میں پہلی دفعہ ایک ڈیجیٹل سبزی منڈی کھول دی گئی ہے جہاں سے لوگ ایک فون کال کے زریعے سبزی، پھل اور دیگر اشیائے خوردنوشی گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔
ڈیجیٹل سبزی منڈی کا افتتاح آج ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر نے کیا جو کہ درشل سنٹر میں کھولی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایک پبلک پرائیویٹ ونچر ہے جس میں تمام اشیائے خوردنوش سرکاری نرخنامے پر ملیں گے جس سے بازاروں میں رش کم ہونے اور مہنگائی پر قابو پانے کے امکانات ہیں۔
اس موقع پر ڈیڈک چیئرمین ایم پی اے ملک شوکت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زنیک محمد، جان محمد، اسسٹنٹ کمشنرز مردان تخت بھائی مس گل بانو، مس صوبیا ضیاء، تاجر برادری کے مرکزی اور ضلعی عہدیدار ظاہر شاہ باچا اور احسان باچا بھی موجود تھے۔
ڈیجیٹل سبزی منڈی کاکا اپلیکیشن نامی پرائیویٹ ڈیلیوری سروس نے شروع کی ہے۔ کاکا اپلیکیشن کے عہدیدار اور ڈیجیٹل سبزی منڈی کے انچارج عباس پراچہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں یہ سروس چار یونین کونسلز میں شروع کیا گیا ہے جن میں محبت آباد، مسلم آباد، بغدادہ اور باغ ارم شامل ہیں۔ جبکہ اس کو بہت جلد ضلع کے تمام یونین کونسلوں تک توسیع دی جائے گی۔
سروس کے حوالے سے ڈیجیٹل منڈی انچارج نے کہا کہ کاکا اپلیکیشن نے اپنا ایک آوٹ لٹ [دوکان] بنایا ہوا ہے جہاں ہر صبح منڈی سے تازہ سبزی اور فروٹ بولی میں خرید کے لائے جائیں گے اور پھر آرڈر دینے والے کے گھر پہنچائے جائیں گے۔
عباس پراچہ کا کہنا تھا کہ گھر تک ڈیلیوری مکمل مفت ہوگی اور یہ تمام اشیا سرکاری نرخنامے کے ریٹ پر مہیا کی جائے گی۔
مردان انتظامیہ کے مطابق یہ پورے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل سبزی منڈی ہے۔