پی ایس ایل: ہاشم آملہ پشاور زلمی سے منسلک ہوگئے
پاکستان سُپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ٹورنامنٹ میں شامل فرنچائزز اپنے سٹاف اور ٹیموں کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے چاہنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ جنوبی افریقا کے بیٹنگ لیجنڈ ہاشم آملہ نے پی ایس ایل فائیو کے لیے بطور بیٹنگ مینٹور زلمی سے معاہدہ کر لیا ہے۔
زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ہاشم آملہ کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ڈگ آؤٹ میں موجودگی سے نئے ٹیلنٹ کو بہت فائدہ ہو گا اور کھلاڑیوں کو بیٹنگ کے گُر سیکھنے کو ملیں گے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ ہاشم آملہ لیجنڈ بلے باز اور دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہیں، انہیں زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ، 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی۔
A vy wholehearted #PakhairRaghlay to the Legendary Player @amlahash ,in the #YellowStorm Brigade as a Batting Mentor.His Gracious Presence in the PSL5 festivity will not only adorn the Zalmi Dugout bt will also inspire & craft the crick skills of the emerging players in the squad pic.twitter.com/26LeCk0wFd
— Javed Afridi (@JAfridi10) January 30, 2020
ہاشم آملہ پاکستان سپر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ میں بطور پلاٹینئم پلیئر بھی رجسٹرڈ ہوئے تھے تاہم ڈرافٹ میں کسی ٹیم نے انہیں منتخب نہیں کیا۔
پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا باعث خوشی ہے، زلمی ہر سال پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کو بڑے کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہاشم آملہ کی موجودگی سے جہاں بلے بازوں کو فائدہ ہو گا وہیں ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے پانچویں سیزن کے لیے اپنی کٹ اور ترانے کا ٹیزر بھی جاری کردیا ہے۔ پشاور زلمی کے شعبہ میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور زلمی نے ٹیم کی کٹ کے ساتھ ساتھ ترانے کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا جس پر مداحوں کے جوش و خروش بھی اضافہ ہوا ہے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ٹویٹر پر مداحوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ ‘پی ایس ایل فائیو’ کے لیے پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ پشتو کی ایسی منفرد دھن میں بنایا گیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں سنی گئی اور یہ ترانہ پی ایس ایل فائیو میں مداحوں کے دل کی دھڑکن اور زبان پر ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 واں ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوگا اور تمام میچز پاکستان کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔