‘جرگہ سسٹم کیخلاف نہیں، یکطرفہ فیصلہ مسترد کرتے ہیں’
خیبر یوتھ فورم اور باڑہ کے مشران کے بعد اپر باڑہ قمبر خیل کے قومی مشران اور مشترکہ قومی کونسل نے بھی ضم اضلاع میں تشکیل کردہ مصالحتی جرگوں (اے ڈی آر اور ڈی آر سی) میں منتخب اراکین پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔
باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے بر قمبر خیل کے قومی مشران کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے ایف سی آر کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے مذکورہ کونسل میں اپنی پسند کے اراکین منتخب کیے ہیں جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اے ڈی آر کونسل کی تشکیل پر کوئی اعتراضات نہیں ہے بلکہ ڈی سی اور اے سی کے ظالمانہ اور یکطرفہ فیصلے کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہ اگر اس فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی گئی تو یہ بات اس امر کے مترداف ہو گی کہ باڑہ تحصیل میں ایک بار پھر امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مشران نے گورنر اور وزیراعلی سے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور قومی مشران کی مشاورت سے جرگہ کے ارکان منتخب کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان میڈیا پر سامنے لائیں گے۔
متعلقہ خبریں:
"ڈی آر سی اور اے ڈی آر کے سلیکٹڈ ممبران کو نہیں مانتے”
ضم اضلاع میں مصالحتی جرگوں کا قیام، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟
دوسری جانب قباٸلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں مشترکہ قومی کونسل فرنٹئیر روڈ نے بھی ڈی آر سی اور اے آر ڈی کو مسترد کردیا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کونسل کے مشران کا کہنا تھا کہ ہم مشاورت کے بغیر سلیکٹڈ ADR اور DRC کو مسترد کرتے ہیں، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہم پر دوبارہ ایف سی آر کا مترادف نظام مسلط کرنا چاہتی ہیں جو ہمیں نامنظور ہے۔
قومی کونسل کے مشران نے بتایا کہ DRC اور ADR میں ڈپٹی کمشنر خیبر اور اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے جو لوگ سلیکٹ کئے ہیں یہ وہی پرانے چہرے ہیں جنہوں نے FCR میں بھی مراعات حاصل کیں اور ان ہی پرانے چہروں کی وجہ سے ہر حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے صدیوں سے قبائلی عوام کو ترقی سے محروم رکھا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
مشران نے کہا کہ ADR اور DRC میں ہمیں بھرپور نمائندگی دینا ہو گی، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اپنی پسند کی لسٹیں تیار کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم جرگہ سسٹم کے خلاف نہیں لیکن سلیکٹیڈ لوگوں کے خلاف ضرور ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز باڑہ کے مشران کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر خیبر اور اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے ADR اور DRC میں جو لوگ منتخب کیے ہیں ان کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ سب سلیکٹیڈ ہیں جبکہ خیبر یوتھ فورم نے بھی ضم شدہ اضلاع میں تشکیل پانے والے مصالحتی جرگوں کو ایف سی آر کی باقیات قرار دیا تھا۔